اُڈپی14 نومبر (ایس او نیوز) اُڈپی میں اتوار صبح ایک ہی خاندان کے چار افراد کا قتل کر کے فرار ہونے والے ملزم کو کرناٹک پولس نے بیلگام سے گرفتار کرلیا ہے۔ جس کی شناخت پروین چوگلے (35) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پروین مینگلور میں اُسی ائیرلائن کمپنی میں ملازمت کرتا ہے، جہاں مقتول آئناز بھی ائیرہوسٹس کے بطور کام کرتی تھی۔ آئناز سنیچر رات کو اُڈپی کے ملپے میں واقع اپنے گھر آگئی تھی جبکہ اگلی صبح اتوار کو قریب 8:30 بجے مبینہ طور پر پروین اس کے مکان میں گھس کر آئناز ، اسکی بڑی بہن آفنان اور چھوٹے بھائی عاصم سمیت اس کی ماں حسینہ پربھی دھاردار ہتھیار سے حملہ کرتے ہوئے چاروں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ایک ساتھ چار لوگوں کے قتل نے نہ صرف ساحلی کرناٹکا بلکہ پوری ریاست کودہلاکر رکھ دیا تھا۔
ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق صرف 10 سے 15 منٹ کے اندر چار لوگوں کے پیٹ میں چھرا گھونپ کر ہلاک کرکے فرار ہونے والے پروین کوموبائل نٹ ورک کے ذریعے پولس دھردبو چنے میں کامیاب ہوگئی۔ پتہ چلا ہے کہ آج منگل سہ پہر اسے بیلگام کے رائے باغ سے گرفتار کرلیا گیا۔ وہ وہاں سے مہاراشٹرا یا آندھرا جانے کی فراغ میں تھا، مگر پولس نے پوری مستعدی کے ساتھ اسے گرفتار کرلیا۔ خبر ملی ہے کہ ملزم کو اُڈپی لایا جارہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزم مہاراشٹرا کے سانگلی کا رہائشی ہے۔ بتایاجارہا ہے کہ آئناز کے ساتھ اس کے تعلقات آگے نہیں بڑھ پائے تو اسی بات سے ناراض ملزم نے تمام گھروالوں کو ہی ختم کرنے کا پلان بنایا۔
یاد رہے کہ اتوار صبح اڈپی ضلع کے ملپے تھانہ حدود کے ترپتی نگر میں ایک ہی خاندان کے چار لوگوں کا وحشیانہ انداز میں قتل ہوا تھا۔ مرنے والوں کی شناخت حسینہ(46)، افنان( 23)، آئناز (21) اور عاصم (12) کی حیثیت سے کی گئی تھی۔